جدہ ٹاور کی تعمیر میں بڑی پیش رفت، 100 سے زائد منزلیں مکمل

0
21
جدہ ٹاور کی تعمیر میں بڑی پیش رفت، 100 سے زائد منزلیں مکمل

سعودی عرب کے شہر جدہ میں زیرِ تعمیر میگا پروجیکٹ جدہ ٹاور نے ایک اہم تعمیراتی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ منصوبے کے مطابق عمارت کی 100 سے زائد منزلیں مکمل ہو چکی ہیں جبکہ اس کی مجموعی بلندی 400 میٹر سے تجاوز کر گئی ہے۔
یہ بلند و بالا ٹاور ایک کلومیٹر سے زیادہ اونچائی تک تعمیر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور تکمیل کے بعد یہ دنیا کی بلند ترین عمارت کا اعزاز حاصل کرے گا، جس کے نتیجے میں برج خلیفہ کا موجودہ ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے گا۔
منصوبے کی پیش رفت کی تصدیق انجینئرنگ فرم Thornton Tomasetti کی جانب سے کی گئی ہے، جو اس کے اسٹرکچرل ڈیزائن پر کام کر رہی ہے۔ کمپنی کے مطابق ٹاور تیزی سے ترقی کرتے ہوئے 100 منزلوں اور 400 میٹر کی حد کو عبور کر چکا ہے۔
اس عمارت کا ڈیزائن عالمی شہرت یافتہ آرکیٹیکچر فرم Adrian Smith + Gordon Gill Architecture نے تیار کیا ہے، جو اس سے قبل برج خلیفہ جیسے عالمی منصوبے بھی ڈیزائن کر چکی ہے۔ اس بڑے منصوبے میں Jeddah Economic Company سمیت متعدد مقامی اور بین الاقوامی ادارے شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اس منصوبے پر تعمیراتی کام 2018 میں عارضی طور پر روک دیا گیا تھا، تاہم 2025 کے آغاز میں اسے دوبارہ شروع کیا گیا۔ دوبارہ آغاز کے بعد تعمیراتی رفتار میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور عمارت نے مختصر عرصے میں 80 سے 100 منزلوں تک کا سفر طے کیا ہے۔
توقع کی جا رہی ہے کہ یہ منصوبہ 2028 تک مکمل ہو جائے گا۔ مکمل ہونے پر اس میں رہائشی اپارٹمنٹس، دفاتر، ایک پرتعیش ہوٹل اور دنیا کا بلند ترین مشاہداتی ڈیک شامل ہوگا، جہاں سے جدہ شہر کا نظارہ کیا جا سکے گا۔
یہ ٹاور جدہ اکنامک سٹی کے مرکزی منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں معاشی ترقی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔

Leave a reply