پاکستان نے یو اے ای کو 2 ارب ڈالر قرض واپس کر دیا

0
7
پاکستان نے یو اے ای کو 2 ارب ڈالر قرض واپس کر دیا

پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر کا قرض واپس کر دیا ہے، جس کی تصدیق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کر دی ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ ادائیگی ہفتے کے روز مکمل کی گئی، جبکہ پاکستان کو 23 اپریل کو مزید ڈیڑھ ارب ڈالر بھی یو اے ای کو ادا کرنا ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان ادائیگیوں کے باوجود ملکی زرمبادلہ ذخائر پر کوئی خاص دباؤ نہیں پڑے گا کیونکہ بیرونی ادائیگیوں کے لیے پیشگی انتظام موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ عالمی معاشی صورتحال کے تناظر میں یو اے ای نے قرض کی واپسی جلد کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے ادائیگی کا فیصلہ کیا۔ وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ اس قرض پر تقریباً 6 فیصد سالانہ شرح سود ادا کی جا رہی تھی، جبکہ ماضی میں یو اے ای اس رقم کو مختلف ادوار کے لیے رول اوور کرتا رہا تھا۔
مزید برآں، پاکستان نے حالیہ دنوں میں اپنی بین الاقوامی مالی ذمہ داریاں بروقت پوری کی ہیں۔ ان میں یورو بانڈز کی ادائیگی، 2 ارب ڈالر کے میچور ڈپازٹس کی واپسی، اور 50 کروڑ ڈالر کے نئے یورو بانڈز کا اجرا شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر کا ڈپازٹ بھی موصول ہوا، جس سے مالی پوزیشن کو سہارا ملا۔

Leave a reply