
پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل ہوگیا، جس کے دوران دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دورے میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور دوطرفہ سفارتی تعلقات کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وفد نے ایرانی حکام کے ساتھ سیکیورٹی کے بدلتے ہوئے تناظر اور خطے میں پائیدار امن کے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔
دورانِ قیام، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کی اہم شخصیات سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں نیشنل اسمبلی کے اسپیکر، وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون بڑھانے، کشیدگی میں کمی لانے اور مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ فیلڈ مارشل نے اس موقع پر مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
دورے کے اختتام پر پاکستانی وفد وطن واپس پہنچ گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی قیادت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، اور یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔









