ملک میں پہلی بار پاور سیکٹر کے ملازمین کو دی جانے والی مفت بجلی کی سہولت ختم کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کو توانائی کے شعبے میں ایک اہم اصلاح قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا جاتا ہے، جس کے تحت فری یونٹس کی سہولت کا خاتمہ ممکن ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے یہ قدم عوامی مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا ہے، جو طویل عرصے سے زیرِ بحث تھا۔
وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام وزیراعظم کی قیادت میں کیا گیا، اور اس کا مقصد نظام میں شفافیت اور مساوات کو فروغ دینا ہے۔ ان کے مطابق عدالت نے پاور ڈویژن کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے اس پالیسی کے خاتمے کی راہ ہموار کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئندہ بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گی جو قومی مفاد اور عوامی بہتری کے لیے ضروری ہوں، اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
2023 © Copyright Hotline News








