
اسلام آباد: امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے سے قبل وفاقی دارالحکومت میں تیاریوں کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ شہر کو مہمانوں کے شایانِ شان بنانے کے لیے مختلف سرکاری ادارے متحرک ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اگرچہ مذاکرات کا حتمی شیڈول ابھی سامنے نہیں آیا، تاہم حکومتی سطح پر انتظامی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ حکام متوقع وفود کی آمد اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں، جبکہ وزارت داخلہ اور سکیورٹی ادارے حفاظتی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزارت اطلاعات میڈیا کوریج اور متعلقہ امور کو سنبھال رہی ہے۔ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) شہر کی خوبصورتی کے لیے سرگرم ہے، جہاں سڑکوں، گرین بیلٹس اور اہم شاہراہوں کی تزئین و آرائش جاری ہے، جبکہ مختلف مقامات پر بینرز بھی آویزاں کیے جا رہے ہیں۔
ریڈ زون، پارکوں اور مرکزی شاہراہوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جو دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ شہر کو بہتر اور خوشگوار ماحول میں پیش کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق ان تمام اقدامات کا مقصد غیر ملکی وفود کو ایک منظم، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔








