
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار علی عباس نے کہا ہے کہ ان کے والد، سینئر اداکار وسیم عباس، نے ان کے اداکاری کے کیریئر میں کبھی بھی مداخلت یا مدد نہیں کی۔
علی عباس تقریباً ایک دہائی سے ٹی وی ڈراموں میں کام کر رہے ہیں اور اپنی نیچرل اداکاری اور حقیقت پسندانہ کردار پیش کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے ناظرین میں مقبول ہیں۔ وہ ایک معروف فنکار خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والد وسیم عباس اور دادا ماضی کے نامور فنکار عنایت حسین بھٹی ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں علی عباس نے بتایا کہ وہ اپنی زندگی سے خوش ہیں اور انہیں بڑی گاڑی یا مہنگا گھر حاصل کرنے کی خواہش نہیں، بلکہ وہ اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے محنت سے اپنا مقام بنایا ہے۔
علی عباس نے کہا کہ جب انہوں نے اداکاری کا فیصلہ کیا تو ان کے والد ناخوش ہوئے اور کئی عرصے تک ان سے بات نہیں کی۔ والد نے صاف کہا کہ وہ کسی پروڈیوسر یا ڈائریکٹر کو فون کر کے ان کے لیے سفارش نہیں کریں گے، اور جو کچھ کرنا ہے وہ اپنے بل بوتے پر کریں۔
اداکار کے مطابق ان کے والد چاہتے تھے کہ وہ سی ایس ایس کا امتحان دیں اور سرکاری افسر بنیں، جیسا کہ خاندان میں پہلے بھی بچوں کے لیے محفوظ اور مستحکم پیشہ اختیار کرنے کا رجحان رہا ہے۔ علی عباس نے مزید کہا کہ اب وہ اپنے والد کے مؤقف کو بہتر سمجھتے ہیں کیونکہ شوبز کی دنیا غیر یقینی ہے اور والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بچوں کو زندگی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔








