
اسلام آباد: پاکستان ٹینس فیڈریشن نے ایشیا انڈر 12 ٹیم مقابلوں اور ایشیا ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ کے لیے پاکستان کے بوائز اور گرلز اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ ایونٹ 11 سے 18 اپریل 2026 تک نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں منعقد ہوگا، جس میں مختلف ایشیائی ممالک کی جونیئر ٹیمیں حصہ لیں گی۔
قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے ٹرائلز 9 سے 11 مارچ 2026 تک اسلام آباد میں پاکستان ٹینس فیڈریشن ٹینس کمپلیکس میں منعقد کیے گئے۔ ٹرائلز میں قومی رینکنگ اور حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے آٹھ لڑکوں اور پانچ لڑکیوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
اعلان کے مطابق بوائز ٹیم میں محمد ایان، محمد فیضان اور مصطفیٰ عزیر رانا کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ ایم ابراہیم حسین گل کو ریزرو کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
گرلز ٹیم میں شہنور عمر، شہرین عمر اور وجیہہ فاطمہ کو جگہ دی گئی ہے جبکہ دعا یوسف قریشی کو ریزرو پلیئر کے طور پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری جنرل نے منتخب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی جونیئر ٹیم ایونٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرے گی۔









