بغداد میں امریکی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں میزائل گرنے کی اطلاع

عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع امریکی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ کے اندر میزائل گرنے کی اطلاع سامنے آئی ہے جس کے نتیجے میں سفارتخانے کے ہیلی پیڈ کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد عمارت کے اوپر دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے گئے۔
عراقی سیکیورٹی حکام کے مطابق میزائل حملہ سفارتخانے کے احاطے میں موجود ہیلی پیڈ کے قریب ہوا۔ حملے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی الرٹ کر دی گئی جبکہ حکام واقعے کی نوعیت اور نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی جانب سے جاری ویڈیوز میں ہفتے کی صبح امریکی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ کے اوپر دھوئیں کا بڑا بادل اٹھتا ہوا دیکھا گیا، جس سے حملے کے اثرات واضح طور پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
بغداد میں قائم امریکی سفارتخانے کا وسیع کمپلیکس دنیا میں امریکا کی سب سے بڑی سفارتی تنصیبات میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل بھی اس سفارتی مرکز کو متعدد بار راکٹوں اور ڈرون حملوں کا سامنا رہ چکا ہے۔
ماضی میں ایسے حملوں کا الزام اکثر ایران سے منسلک ملیشیا گروپوں پر عائد کیا جاتا رہا ہے، تاہم حالیہ واقعے کے حوالے سے کسی گروپ نے فوری طور پر ذمہ داری قبول نہیں کی۔
دوسری جانب بغداد میں موجود امریکی سفارتخانے کی جانب سے اس واقعے پر فی الحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔








