عالمی منڈی میں مندی کے اثرات، مشرق وسطیٰ کی اسٹاک مارکیٹس بھی بند

0
34
عالمی منڈی میں مندی کے اثرات، مشرق وسطیٰ کی اسٹاک مارکیٹس بھی بند

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں بھاری مندی دیکھنے میں آئی، جس کے نتیجے میں ہنڈرڈ انڈیکس تقریباً 15 ہزار پوائنٹس گر کر 1 لاکھ 53 ہزار پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں اتنی تیزی سے کمی ہونے کے بعد کاروبار کو ایک گھنٹے کے لیے روکنا پڑا۔
ہنڈرڈ انڈیکس اور کے ایس ای 30 انڈیکس میں 10 فیصد سے زائد کمی ہوئی۔ قواعد کے مطابق اگر کے ایس ای 30 انڈیکس پانچ منٹ میں پانچ فیصد سے زیادہ گر جائے تو مارکیٹ کا کاروبار عارضی طور پر بند کر دیا جاتا ہے۔
عالمی سطح پر بھی مندی کے رجحانات دیکھے جا رہے ہیں، جس کی وجہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی بتائی جا رہی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے اپنی اسٹاک مارکیٹس دو روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت دبئی فنانشل مارکیٹ اور ابوظبی سیکیورٹیز ایکسچینج پیر اور منگل کو بند رہیں گی۔ کویت اسٹاک مارکیٹ کو بھی آئندہ نوٹس تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایشیا کی دیگر مارکیٹوں میں بھی کمی دیکھی گئی، جس میں ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ تقریباً 2 فیصد، تائیوان 2.3 فیصد، جاپان 1.5 فیصد اور شنگھائی 0.27 فیصد کی کمی کے ساتھ کھلی۔ امریکا اور یورپ میں بھی منفی رجحان رہا، جہاں ڈاؤ جونز میں 500 سے زائد پوائنٹس اور نیسڈیک میں 200 سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ یورپی ممالک جرمنی، فرانس، اسپین، آسٹریا، اٹلی اور ترکی میں بھی مارکیٹ میں دباؤ رہا، جبکہ جاپان، ہانگ کانگ، جنوبی کوریا، بھارت اور تھائی لینڈ کی مارکیٹس میں بھی مندی دیکھی گئی۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت چار ڈالر 77 سینٹس اضافے کے بعد 60 ڈالر 60 سینٹس فی بیرل پر پہنچ گئی۔ اپریل کے لیے امریکی خام تیل کی قیمت 71 ڈالر 20 سینٹس فی بیرل تک پہنچ گئی، جس میں 4 ڈالر 18 سینٹس کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی اور فی اونس 73 ڈالر 86 سینٹس کے اضافے کے ساتھ 5 ہزار 352 ڈالر تک پہنچ گئی۔

Leave a reply