متحدہ عرب امارات کا بڑا اقدام: ایران میں سفارتخانہ بند، سفیر واپس طلب

0
82
متحدہ عرب امارات کا بڑا اقدام: ایران میں سفارتخانہ بند، سفیر واپس طلب

متحدہ عرب امارات نے ایران میں قائم اپنا سفارتخانہ بند کرنے اور سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ حالیہ ایرانی میزائل حملوں کے بعد کیا گیا، جن کے بارے میں یو اے ای کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس کی سرزمین کو نشانہ بنایا۔
یو اے ای کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تہران میں موجود سفارتخانہ فوری طور پر بند کیا جا رہا ہے اور تمام سفارتی عملے کو وطن واپس بلایا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام ملکی سلامتی اور سفارتی عملے کے تحفظ کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
وزارتِ خارجہ کی ڈائریکٹر برائے اسٹریٹجک کمیونیکیشن افرا الحمیلی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ایرانی میزائل حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ بیان میں کہا گیا کہ حملوں کے دوران شہری علاقوں، رہائشی مقامات، ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور دیگر اہم تنصیبات کو نقصان پہنچا، جس سے شہریوں کی جان کو خطرات لاحق ہوئے۔
یو اے ای نے اپنے بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ مبصرین کے مطابق اس پیش رفت سے ایران اور خلیجی خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے اور دونوں ممالک کے باہمی تعلقات متاثر ہونے کا امکان ہے۔

Leave a reply