متحدہ عرب امارات ہائی الرٹ پر، فضا میں خطرے کی گھنٹیاں

0
41
متحدہ عرب امارات ہائی الرٹ پر، فضا میں خطرے کی گھنٹیاں

امریکہ اور اسرائیل کے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوسرے روز یو اے ای میں سیکیورٹی کے پیشِ نظر ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے اور عوام کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ریاستی ادارے چوبیس گھنٹے نگرانی کر رہے ہیں اور قومی سطح پر مربوط حکمت عملی کے تحت حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، محفوظ مقامات پر قیام کریں اور معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔

وزارتِ داخلہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سائرن یا میزائل حملے کی وارننگ سنائی دے تو فوری طور پر قریبی محفوظ عمارت میں پناہ لی جائے۔ کھڑکیوں، دروازوں اور کھلے مقامات سے دور رہا جائے اور مزید سرکاری ہدایات کا انتظار کیا جائے۔ عوام کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔

وزارتِ دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا، تاہم ممکن ہے کہ ملبہ یا دھاتی ٹکڑے زمین پر گریں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک شے کو ہاتھ نہ لگائیں اور فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔

ویک اینڈ کے دوران سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اطلاعات کے پھیلاؤ کے بعد پبلک پراسیکیوشن نے خبردار کیا ہے کہ افواہوں کو شیئر یا ری پوسٹ کرنا قانوناً جرم ہو سکتا ہے، چاہے متعلقہ فرد مواد کا خالق نہ بھی ہو۔
انڈیا کے سفارتخانے نے بھی اپنی کمیونٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں۔

وزارتِ تعلیم اور وزارتِ اعلیٰ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کے سرکاری و نجی اسکولوں اور جامعات میں 2 مارچ سے 4 مارچ تک تدریسی عمل آن لائن جاری رہے گا۔ یہ فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے پر یکساں طور پر لاگو ہوگا۔ حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر فیصلوں میں توسیع کی جا سکتی ہے۔
وزارتِ تعلیم نے امتحانات کی منسوخی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تعلیمی اعلانات صرف سرکاری پلیٹ فارمز کے ذریعے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب بھارت کے سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے مشرقِ وسطیٰ کے چند ممالک میں کلاس 10 اور 12 کے امتحانات عارضی طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیاجائیگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ قومی تیاری کا نظام مکمل طور پر فعال ہے اور روزمرہ زندگی کو محفوظ انداز میں برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور افواہوں سے اجتناب کریں۔

Leave a reply