اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج جاری

0
22
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاج جاری

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر اور اطراف میں اپوزیشن اتحاد اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان اسمبلی کا احتجاج رات بھر جاری رہا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کیے جانے تک دھرنا ختم نہیں کریں گے۔
احتجاج کی کال تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے دی گئی تھی، جس میں مختلف اپوزیشن رہنما شریک ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے داخلی اور خارجی دروازے بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ پولیس کی بھاری نفری اور لیڈی پولیس اہلکار سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔
ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند ہیں، صرف مارگلہ روڈ کو آمد و رفت کے لیے کھلا رکھا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر بھی پولیس کی بڑی تعداد موجود ہے جہاں صوبائی اراکین اسمبلی کا پرامن دھرنا جاری ہے۔ پارلیمنٹرینز نے رات پارلیمنٹ کی مسجد اور اس کے اطراف گزارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کی جانب سے پارلیمنٹ کی بجلی بند کیے جانے کی اطلاعات بھی ہیں، تاہم پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں اور نعرے بازی بھی کر رہے ہیں۔
اپوزیشن قیادت کا مؤقف ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا طبی معائنہ اور اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ عمران خان کو اسلام آباد کے الشفاء انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے اور تین نامزد معالجین کی موجودگی میں ان کا معائنہ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی نمائندے اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے میں ہیں اور وزیراعظم سے مشاورت کے بعد جواب دینے کا کہا گیا ہے۔
اس دوران طارق فضل چوہدری نے میڈیا کو بتایا کہ عمران خان کو آنکھ کا مسئلہ ہے اور ان کا معائنہ اپوزیشن کے منتخب مقام پر کیا جا سکتا ہے۔
فی الحال پارلیمنٹ میں کسی بھی رکن یا فرد کے داخلے پر پابندی ہے اور باہر موجود اراکین کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

Leave a reply