پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب، آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو بڑا ریلیف دے دیا

0
24
پاکستان کی سفارتی کوششیں کامیاب، آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو بڑا ریلیف دے دیا

پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی سفارتی اور اسپورٹس سطح پر کی گئی کوششیں کامیاب ہو گئی ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ریلیف دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی ایونٹ میں شرکت نہ کرنے پر اس پر کوئی مالی جرمانہ یا تادیبی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان بات چیت میں کئی اہم معاملات زیرِ غور آئے، جن میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیشی ٹیم کی عدم شرکت بھی شامل تھی۔
اعلامیے کے مطابق آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو ایک باوقار فل ممبر ملک قرار دیتے ہوئے عالمی کرکٹ میں اس کے تاریخی کردار اور کھیل کی ترقی میں اس کی خدمات کو سراہا۔ کونسل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بنگلہ دیش میں کرکٹ کے فروغ کے لیے تعاون آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
آئی سی سی نے یقین دہانی کرائی کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت نہ کرنے کے باعث بنگلہ دیشی کرکٹ کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا۔ طے پانے والے فیصلوں کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پر نہ کوئی پابندی عائد کی جائے گی اور نہ ہی کسی جرمانے کا اطلاق ہوگا۔
مزید یہ بھی واضح کیا گیا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی کے موجودہ قوانین کے تحت ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی سے رجوع کرنے کا مکمل حق حاصل رہے گا۔
مذاکرات کے نتیجے میں یہ فیصلہ بھی سامنے آیا ہے کہ بنگلہ دیش 2028 سے 2031 کے درمیان آئی سی سی کے ایک بڑے ایونٹ کی میزبانی کرے گا، جو 2031 کے مینز کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل منعقد ہوگا۔ تاہم میزبانی کا حتمی فیصلہ آئی سی سی کے طے شدہ طریقہ کار، وقت کی حدود اور انتظامی تقاضوں سے مشروط ہوگا۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوج گپتا نے اس موقع پر کہا کہ بنگلہ دیش کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ نہ لینا افسوسناک ہے، تاہم آئی سی سی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ کو کسی بھی سطح پر نقصان نہ ہو۔

Leave a reply