اسلام آباد میں مسجد پر خودکش حملہ، تحقیقات میں اہم پیش رفت

0
24
اسلام آباد میں مسجد پر خودکش حملہ، تحقیقات میں اہم پیش رفت

ترلائی کلاں میں واقع ایک مسجد میں ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی مکمل تصویر سامنے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں تقریباً چار سے چھ کلوگرام وزنی بارودی مواد استعمال کیا گیا، جس میں بال بیرنگ کی بڑی مقدار شامل تھی۔ ماہرین کے مطابق اسی وجہ سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے مسجد میں داخل ہونے سے قبل فائرنگ کی اور بعد ازاں ہال میں پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ شواہد سے پتا چلتا ہے کہ حملہ آور نے راستے میں دو جبکہ مسجد کے اندر چھ فائر کیے تھے۔ واقعے کے بعد تمام خول قبضے میں لے کر فرانزک جانچ کے لیے محفوظ کر لیے گئے ہیں۔
حملہ آور کی شناخت اور نیٹ ورک تک پہنچنے کے لیے نیشنل فرانزک ایجنسی اور نادرا سے بھی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل فون ریکارڈز اور دیگر تکنیکی شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تفتیشی ادارے حملے کی منصوبہ بندی، سہولت کاری اور دھماکہ خیز مواد کی فراہمی سے متعلق تمام امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد کے اندر ہونے والے اس خودکش حملے کے نتیجے میں 32 افراد جان سے گئے جبکہ 170 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

Leave a reply