راشد محمود کا یوٹیوبرز سے انٹرویوز نہ لینے کا مطالبہ

0
72
راشد محمود کا یوٹیوبرز سے انٹرویوز نہ لینے کا مطالبہ

پاکستان کے سینئر اداکار راشد محمود نے بعض یوٹیوبرز کے رویے پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کا انٹرویو لینے سے گریز کریں۔
سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں راشد محمود کا کہنا تھا کہ وہ دل گرفتہ ہو کر یہ بات کہہ رہے ہیں کہ انہیں نہ تو کسی انٹرویو کی ضرورت ہے اور نہ ہی کسی یوٹیوبر کی مدد درکار ہے۔ ان کے مطابق کچھ لوگ ان سے بات چیت کچھ اور انداز میں کرتے ہیں لیکن بعد میں ویڈیوز کی سرخیاں بالکل مختلف اور گمراہ کن لگا دی جاتی ہیں۔
اداکار نے کہا کہ اس طرزِ عمل سے ان کی عزتِ نفس مجروح ہو رہی ہے اور ایسا تاثر دیا جا رہا ہے جیسے وہ کسی مدد کے محتاج ہوں، حالانکہ انہوں نے انٹرویوز میں ایسی کوئی بات نہیں کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر آئندہ کسی نے ان کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا تو وہ قانونی کارروائی کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں راشد محمود نے اپنی صحت کے حوالے سے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے ریڑھ کی ہڈی سے متعلق تکلیف کا ذکر کیا تھا۔ اس ویڈیو کے بعد متعدد یوٹیوب چینلز نے ان سے گفتگو کی، جس پر اب اداکار نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

Leave a reply