کینسر خاموشی سے کیسے جسم پر قبضہ کرتا ہے؟ چونکا دینے والی وجوہات

0
80
کینسر خاموشی سے کیسے جسم پر قبضہ کرتا ہے؟ چونکا دینے والی وجوہات

کینسر ایک سنگین اور جان لیوا مرض ہے، تاہم اگر اس کی تشخیص بروقت ہو جائے تو علاج کے ذریعے مکمل صحتیابی کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔ اگرچہ جدید طب نے کینسر کے علاج میں نمایاں پیش رفت کی ہے، مگر یہ بیماری اب بھی دنیا بھر میں اموات کی بڑی وجوہات میں شمار ہوتی ہے۔ ماہرین تاحال یہ حتمی طور پر طے نہیں کر سکے کہ کن افراد میں کینسر کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے، تاہم تحقیق کے ذریعے ایسے کئی عوامل سامنے آ چکے ہیں جو اس مرض کے امکانات میں اضافہ کرتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق عمر میں اضافے کے ساتھ کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور زیادہ تر مریض بڑی عمر میں اس بیماری کا شکار ہوتے ہیں، اگرچہ یہ کسی بھی عمر میں لاحق ہو سکتی ہے۔ اسی طرح جسم میں طویل عرصے تک رہنے والی سوزش یا ورم بھی خلیات کے ڈی این اے کو نقصان پہنچا سکتی ہے، جو کینسر کی ایک بڑی وجہ بن سکتی ہے۔
غذائی عادات بھی کینسر کے خطرے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ الٹرا پروسیسڈ غذاؤں جیسے فاسٹ فوڈ، بیکری آئٹمز، میٹھے مشروبات اور انسٹنٹ کھانوں کا زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، جبکہ سرخ گوشت کا ضرورت سے زیادہ استعمال بھی کینسر سے منسلک پایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ الکحل کا استعمال منہ، گلے، غذائی نالی، جگر اور بریسٹ کینسر کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے۔
ماہرین کے مطابق موٹاپا بھی کئی اقسام کے کینسر جیسے بریسٹ، آنتوں، گردے اور لبلبے کے کینسر سے جڑا ہوا ہے، اسی لیے صحت مند وزن برقرار رکھنے کو نہایت ضروری قرار دیا جاتا ہے۔ ہارمونز میں عدم توازن، خاص طور پر خواتین میں ایسٹروجن کی زیادتی، بریسٹ کینسر کے امکانات میں اضافہ کر سکتی ہے۔
کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد میں بھی کینسر کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، کیونکہ جسم بیماری کے خلاف مؤثر دفاع نہیں کر پاتا۔ اسی طرح کچھ مخصوص بیماریاں اور انفیکشنز، جن میں ہیپاٹائٹس بی اور سی، ایچ آئی وی، ایچ پی وی، ایپسٹین بار وائرس اور ہیلیکوبیکٹر پائلوری شامل ہیں، کینسر کے خطرے کو بڑھا سکتے ہیں۔
سورج کی تیز شعاعوں میں زیادہ دیر تک رہنے سے خصوصاً جلد کے کینسر کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں۔ تمباکو نوشی کو بھی کینسر کی بڑی وجوہات میں شمار کیا جاتا ہے، کیونکہ تمباکو میں موجود کیمیائی مادے پھیپھڑوں سمیت جسم کے مختلف حصوں میں کینسر کا باعث بن سکتے ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ متوازن غذا، صحت مند طرزِ زندگی، باقاعدہ ورزش اور مضر عادات سے پرہیز کے ذریعے کینسر کے خطرے کو کسی حد تک کم کیا جا سکتا ہے، جبکہ کسی بھی غیر معمولی علامت کی صورت میں فوری طبی مشورہ لینا نہایت ضروری ہے۔

Leave a reply