
پاکستان شوبز کی اداکارہ علیزے شاہ نے سینئر گلوکارہ شازیہ منظور کے حالیہ بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے اسے غیر سنجیدہ اور غیر مخلص قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ علیزے شاہ اور شازیہ منظور کے درمیان اختلافات کا آغاز دسمبر 2021 میں ایک اسٹیج شو کے دوران ہوا تھا، جہاں واک کے دوران علیزے شاہ پھسل کر گر گئی تھیں۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جس کے بعد علیزے شاہ نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں جان بوجھ کر دھکا دیا گیا۔
حال ہی میں شازیہ منظور نے ایک انٹرویو میں ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اس بیان کے جواب میں علیزے شاہ نے انسٹاگرام پر ایک پیغام شیئر کیا۔
اپنی پوسٹ میں علیزے شاہ کا کہنا تھا کہ محض کسی کے سینیئر ہونے کی بنیاد پر خلوص کی توقع رکھنا بے معنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر یا تجربہ اس بات کی ضمانت نہیں کہ انسان سچائی، شعور اور وقار کا مظاہرہ بھی کرے۔
علیزے شاہ نے مزید کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ کچھ سینئر فنکار اپنے کام کے بجائے تنازعات کے ذریعے خبروں میں رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے شازیہ منظور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ گلوکارہ کی شناخت ان کی فنی صلاحیتوں اور موسیقی کی وجہ سے ہو، نہ کہ ٹی وی شوز میں دیگر فنکاروں پر تنقید کی بنیاد پر۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ حقیقی عزت دوسروں کو کم تر دکھا کر حاصل نہیں کی جا سکتی۔
علیزے شاہ کے اس مؤقف پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آئیں، جہاں کچھ افراد نے ان کی صاف گوئی کی حمایت کی جبکہ دیگر نے معاملے کو مزید نہ بڑھانے کا مشورہ دیا۔









