کھلی سیوریج لائن جان لے گئی، ماں کی لاش مل گئی، بچی لاپتہ

0
65
کھلی سیوریج لائن جان لے گئی، ماں کی لاش مل گئی، بچی لاپتہ

لاہور کے علاقے داتا دربار کے قریب ایک دلخراش حادثہ پیش آیا جہاں ایک خاتون اپنی دس ماہ کی کمسن بیٹی کے ساتھ کھلی سیوریج لائن میں گر گئیں۔ ریسکیو کارروائی کے بعد خاتون کی لاش نکال لی گئی ہے، جبکہ بچی کی تلاش تاحال جاری ہے۔
ریسکیو اور پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ اس مقام پر پیش آیا جہاں ٹیپا کی جانب سے ترقیاتی کام جاری تھا اور سیوریج لائن پر حفاظتی ڈھکن موجود نہیں تھا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کیا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ چھ گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے آپریشن کے بعد خاتون کی لاش برآمد کر لی گئی، تاہم کمسن بچی کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ ان کے مطابق ریسکیو ٹیمیں مختلف نالوں اور سیوریج لائنوں میں تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
واسا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ ترقیاتی کام کے دوران حفاظتی اقدامات میں غفلت کے باعث پیش آیا، خاص طور پر سیوریج لائن پر ڈھکن نہ ہونے کی وجہ سے۔
واقعے کے وقت خاتون کے شوہر اور ساس بھی موقع پر موجود تھے، تاہم دونوں کے بیانات میں تضاد پایا گیا، جس کے باعث پولیس نے مزید تفتیش کے لیے دونوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیوریج لائن پر حفاظتی ڈھکن نہ ہونے کے معاملے پر ٹیپا کے ڈائریکٹر کو معطل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب کی سربراہی میں پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو ذمہ داروں کا تعین اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔

Leave a reply