گل پلازہ حادثہ: وفاقی ٹیکنیکل ٹیم نے عمارت کا معائنہ مکمل کر لیا

0
95
گل پلازہ حادثہ: وفاقی ٹیکنیکل ٹیم نے عمارت کا معائنہ مکمل کر لیا

کراچی کے علاقے میں واقع شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے نویں روز بھی ریسکیو اور سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے وفاقی سطح پر قائم کی گئی ٹیکنیکل ٹیم اتوار کے روز جائے حادثہ پر پہنچی، جس میں این ای ڈی یونیورسٹی کے ماہرین بھی شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق خصوصی تحقیقاتی گروپس نے ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کی اور متاثرہ عمارت کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
تحقیقی ٹیم نے پلازہ کے متعدد مقامات کا جائزہ لیا، جبکہ پولیس اور ضلعی حکام نے ٹیم کو عمارت کے اندرونی اور بیرونی حصوں کا مکمل دورہ کرایا۔ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے ان مقامات پر خصوصی نشانات لگائے جہاں سرچنگ مکمل ہو چکی ہے، تاکہ دوبارہ کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ ان نشانات میں ’ایچ‘ شامل ہے جو عمارت کے کمزور یا خطرناک حصوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب گل پلازہ سے مزید انسانی باقیات برآمد ہوئیں، جن کی شناخت کے لیے سی پی ایل سی کی ٹیم ڈی این اے کے ذریعے کام کر رہی ہے تاکہ متاثرین کی شناخت جلد از جلد ممکن بنائی جا سکے۔
حکام کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران عمارت کی نازک ساخت کے باعث تمام اقدامات انتہائی احتیاط کے ساتھ کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہریوں اور ریسکیو اہلکاروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ اگرچہ عمارت کے کئی حصوں کی مکمل جانچ ہو چکی ہے، تاہم لاپتہ افراد کی تلاش اور ممکنہ انسانی باقیات کی برآمدگی کا عمل تاحال جاری ہے۔
دوسری جانب اس سانحے میں جاں بحق دہلی کالونی کے رہائشی ایک ہی خاندان کے چار افراد کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے۔ متاثرہ خاندان کے چھ افراد خریداری کی غرض سے گل پلازہ گئے تھے اور بعد ازاں لاپتہ افراد کی فہرست میں شامل ہو گئے تھے۔ ڈی این اے نمونوں کے میچ ہونے کے بعد چار افراد کی میتوں کی شناخت ہو سکی، جبکہ دو افراد کی شناخت کا عمل ابھی جاری ہے۔
حکام کے مطابق شناخت مکمل ہونے کے بعد چار میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں اور ان کی نماز جنازہ بھی ادا کی جا چکی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد گل پلازہ سانحے میں شناخت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 28 تک پہنچ گئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 73 افراد کی لاشیں اور انسانی باقیات نکالی جا چکی ہیں، جبکہ 82 افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔ ڈی این اے کے ذریعے شناخت کے لیے اب تک 55 متاثرہ خاندانوں نے اپنے نمونے فراہم کیے ہیں۔
لاپتہ افراد کی تازہ فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے، جس میں 11 سے 70 سال تک کی عمر کے افراد کے نام، تصاویر اور شناختی دستاویزات شامل ہیں۔
ادھر پولیس نے گل پلازہ سانحے میں آتشزدگی کے واقعے پر تھانہ نبی بخش میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق آگ غفلت اور لاپرواہی کے باعث لگی اور عمارت میں حفاظتی انتظامات ناکافی تھے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واقعے کے وقت عمارت کی لائٹس اور دروازے بند تھے، جس کے نتیجے میں آگ تیزی سے پھیل گئی اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار عناصر کو مقدمے میں نامزد کیا جائے گا۔ تحقیقاتی ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کرتے ہوئے دو چوکیداروں سمیت عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کیے ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کی 80 سے 90 فیصد سرچنگ مکمل ہو چکی ہے اور ہیوی مشینری کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور مزید تلاش کا عمل جاری ہے۔

Leave a reply