بھکاری نہیں، سرمایہ دار نکلا! بھیک مانگنے والے شخص کے کروڑوں کے اثاثے

0
101
بھکاری نہیں، سرمایہ دار نکلا! بھیک مانگنے والے شخص کے کروڑوں کے اثاثے

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں بھیک مانگنے والا ایک شخص درحقیقت بھاری مالی اثاثوں کا مالک نکلا، جس پر حکام بھی حیران رہ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرافہ علاقے میں برسوں سے بھیک مانگنے والے مانگی لال کا انکشاف خواتین و اطفال کی ترقی کے محکمہ کی جانب سے چلائی جانے والی بھیک کے خلاف مہم کے دوران ہوا۔ کارروائی میں معلوم ہوا کہ وہ روزانہ سینکڑوں روپے بھیک سے حاصل کرتا تھا اور اس رقم کو مقامی تاجروں کو سود پر قرض دینے کے لیے استعمال کرتا تھا۔
تحقیقات کے مطابق مانگی لال روزانہ سرافہ بازار آ کر سود کی رقم وصول کرتا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کے پاس شہر کے مختلف علاقوں میں تین پختہ مکانات موجود ہیں، جن میں ایک تین منزلہ گھر، ایک رہائشی مکان اور ایک سرکاری اسکیم کے تحت ملا ہوا ایک بی ایچ کے گھر شامل ہے۔
اس کے علاوہ وہ تین آٹو رکشوں کا مالک ہے جو کرائے پر چل رہے ہیں، جبکہ ایک کار کے لیے اس نے باقاعدہ ڈرائیور بھی رکھا ہوا ہے۔ مانگی لال اپنے والدین کے ساتھ الوَاس کے علاقے میں رہائش پذیر ہے۔
نوڈل افسر دنیش مشرا کے مطابق یہ انکشاف بھیک مٹاؤ مہم کے تحت کی گئی جانچ کے دوران سامنے آیا۔ یاد رہے کہ فروری 2024 میں شروع کی گئی اس مہم کے دوران اب تک ہزاروں بھکاریوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے، کئی افراد کی کونسلنگ کی گئی، سینکڑوں کو بحالی مراکز منتقل کیا گیا اور درجنوں بچوں کو تعلیم کے نظام میں شامل کیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھیک مانگنے اور اس عمل کو منظم یا فروغ دینے والوں کے خلاف آئندہ بھی سخت اقدامات جاری رہیں گے۔

Leave a reply