
گوگل نے اپنی سرچ سروس میں ایک نیا مصنوعی ذہانت پر مبنی فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کو ان کی ذاتی دلچسپیوں کے مطابق نتائج فراہم کرے گا۔
اس نئے فیچر کو گوگل سرچ کے اے آئی موڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جہاں اے آئی خودکار طور پر صارف کی جانب سے تلاش کے عمل کو بہتر بناتی ہے۔ اس سسٹم کے تحت سرچ رزلٹس عام معلومات کے بجائے صارف کی ترجیحات کو مدنظر رکھ کر دکھائے جائیں گے۔
یہ فیچر صارف کی اجازت سے جی میل اور گوگل فوٹوز سے محدود معلومات حاصل کرتا ہے تاکہ سرچ کے دوران زیادہ موزوں اور متعلقہ جوابات فراہم کیے جا سکیں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی شخص کسی مخصوص پروڈکٹ کی تلاش کرے تو اے آئی اس کے ماضی کے انتخاب کو دیکھتے ہوئے تجاویز دے سکتی ہے۔
گوگل کے مطابق اس سہولت کو استعمال کرنے کے لیے صارف کو خود اسے فعال کرنا ہوگا۔ یہ فیچر فی الحال گوگل لیبز کے تحت تجرباتی مرحلے میں ہے اور ابتدائی طور پر امریکا میں گوگل اے آئی پرو اور الٹرا سبسکرپشن رکھنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
نیا اے آئی موڈ ویب، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر استعمال کیا جا سکے گا، جبکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔
گوگل نے واضح کیا ہے کہ اس فیچر میں صارف کے ڈیٹا کا مکمل تجزیہ نہیں کیا جاتا بلکہ صرف منتخب اور محدود معلومات کو بہتر نتائج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔









