دہشت گردی کے خلاف کوئی گنجائش نہیں، این پی اے سی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کا واضح مؤقف

0
76
دہشت گردی کے خلاف کوئی گنجائش نہیں، این پی اے سی اور ڈی جی آئی ایس پی آر کا واضح مؤقف

راولپنڈی: جنرل ہیڈکوارٹرز میں 13 جنوری 2026 کو قومی پیغامِ امن کمیٹی (این پی اے سی) کے وفد نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی بیانیے کے فروغ، داخلی سلامتی اور سماجی ہم آہنگی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
این پی اے سی کے وفد نے پاک افواج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ریاست مخالف اور انتشار پھیلانے والے بیانیوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا۔ کمیٹی نے دہشت گردی کی تمام صورتوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ تشدد اور انتہا پسندی کا کوئی جواز نہیں۔
ملاقات کے دوران فتنہ الخوارج، ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی اے کے تناظر میں داخلی سلامتی کی صورتحال پر جامع گفتگو ہوئی، جس میں قومی مفاد پر مبنی مشترکہ مؤقف کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات میں فکری ہم آہنگی اور متفقہ بیانیہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دشمن کی نفسیاتی جنگ کا مؤثر جواب عوامی شعور، حقائق اور سچائی پر مبنی بیانیے سے ہی دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کشمیر اور غزہ کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ مظلوم اقوام کی حمایت پاکستان کی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے۔
این پی اے سی نے اعلان کیا کہ منبر و محراب کے ذریعے اتحادِ امت، سماجی ہم آہنگی اور آئینی برابری کے پیغام کو ملک بھر میں عام کیا جائے گا تاکہ معاشرے میں امن، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دیا جا سکے۔

Leave a reply