واٹس ایپ صارفین کے لیے انتباہ: اکاؤنٹ ہائی جیکنگ کے خطرات میں اضافہ

0
76
واٹس ایپ صارفین کے لیے انتباہ: اکاؤنٹ ہائی جیکنگ کے خطرات میں اضافہ

واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے سیکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم ، جو کابینہ ڈویژن کے تحت کام کر رہی ہے، نے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو ہائی جیک کرنے کی نئی مہم کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز 2026 میں متحرک ایک مہم کے تحت صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک غیر قانونی رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس میں خاص طور پر او ٹی پی فراڈ استعمال کیا جا رہا ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہیکرز اکاؤنٹ ہائی جیک کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو وہ صارف کے ذاتی ڈیٹا، چیٹ ہسٹری، میڈیا فائلز اور کانٹیکٹ لسٹ تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد متاثرہ صارف کی کانٹیکٹ لسٹ کو استعمال کرتے ہوئے پیسے مانگنے یا دھوکہ دہی کی وارداتیں کی جاتی ہیں۔
ایڈوائزری میں صارفین کو درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے:
واٹس ایپ کا 6 ہندسوں پر مشتمل ایس ایم ایس ویری فکیشن کوڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں
ٹو اسٹیپ ویری فکیشن پن مکمل طور پر خفیہ رکھیں
وائس کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہونے والے کسی بھی کوڈ کو کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں
مشکوک پیغامات، لنکس یا کالز سے محتاط رہیں
سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق تھوڑی سی لاپرواہی واٹس ایپ اکاؤنٹ کے مکمل کنٹرول کے نقصان کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے صارفین کو ہر وقت محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

Leave a reply