عالمی تیل کی قیمتوں میں کمی، پاکستانی صارفین کے لیے خوشخبری

0
54
عالمی تیل کی قیمتوں میں کمی، پاکستانی صارفین کے لیے خوشخبری

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اثرات پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔ بین الاقوامی سطح پر پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث مقامی سطح پر قیمتیں کم ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت میں فی بیرل 2 ڈالر 74 سینٹ کی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد قیمت 69.27 ڈالر سے کم ہو کر 66.54 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ اسی طرح پیٹرول پریمیم میں بھی 13 سینٹ فی بیرل کمی ہوئی اور یہ 5.14 ڈالر سے گھٹ کر 5.01 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔
پیٹرول پر عائد کسٹم ڈیوٹی میں فی لیٹر 72 پیسے جبکہ ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 68 پیسے کی کمی ہوئی۔ ان تمام عوامل کے نتیجے میں پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں مجموعی طور پر 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 145.57 روپے سے کم ہو کر 139.06 روپے فی لیٹر ہو گئی۔
دوسری جانب ڈیزل کی عالمی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔ فی بیرل 2 ڈالر 33 سینٹ کمی کے بعد ڈیزل کی قیمت 76.32 ڈالر سے کم ہو کر 73.99 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ ڈیزل پر کسٹم ڈیوٹی میں فی لیٹر 80 پیسے اور ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 35 پیسے کی کمی کی گئی۔
ان تبدیلیوں کے باعث ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 5 روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 155.33 روپے سے کم ہو کر 149.99 روپے فی لیٹر مقرر ہوئی۔
عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے بعد صارفین کو آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف ملنے کی امید کی جا رہی ہے۔

Leave a reply