ایران میں عوامی ریلیف کے لیے ماہانہ مالی معاونت کا اعلان

0
111
ایران میں عوامی ریلیف کے لیے ماہانہ مالی معاونت کا اعلان

ایرانی حکومت نے بڑھتے ہوئے معاشی مسائل کے تناظر میں تمام شہریوں کے لیے عارضی مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتی اعلان کے مطابق ہر شہری کو چار ماہ تک ماہانہ بنیاد پر مالی سہولت دی جائے گی۔
سرکاری ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے بتایا کہ ہر فرد کے اکاؤنٹ میں ماہانہ 10 لاکھ تومان کے مساوی رقم منتقل کی جائے گی، جو تقریباً 7 امریکی ڈالر بنتی ہے۔ یہ رقم نقد کی صورت میں نہیں بلکہ ڈیجیٹل کریڈٹ ہوگی، جسے مخصوص بنیادی ضروریات کی اشیا خریدنے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد مہنگائی اور معاشی دباؤ سے عوام کو عارضی ریلیف فراہم کرنا ہے۔ یہ سہولت تمام ایرانی شہریوں کے لیے یکساں طور پر دستیاب ہوگی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایران کی آبادی ساڑھے آٹھ کروڑ سے زائد ہے۔ ملک میں کم از کم ماہانہ اجرت تقریباً 100 ڈالر جبکہ اوسط آمدن 200 ڈالر کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔ ایران میں روزمرہ لین دین زیادہ تر ڈیبٹ کارڈز اور موبائل ادائیگی کے نظام کے ذریعے کیا جاتا ہے۔
گزشتہ ایک سال کے دوران ایرانی کرنسی کی قدر میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کے باعث عوام کی قوتِ خرید متاثر ہوئی اور معاشی بے چینی میں اضافہ ہوا۔ اسی پس منظر میں ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی مظاہرے بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جو درجنوں شہروں تک پھیل چکے ہیں۔
سرکاری اطلاعات کے مطابق حالیہ مظاہروں کے دوران جانی نقصان کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ حالات پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات جاری ہیں

Leave a reply