معروف دینی اسکالر مولانا فضل الرحیم اشرفی ہم سے بچھڑ گئے

0
89
معروف دینی اسکالر مولانا فضل الرحیم اشرفی ہم سے بچھڑ گئے

معروف دینی اسکالر اور جامعہ اشرفیہ کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحیم اشرفی انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سے دینی، تعلیمی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
مولانا فضل الرحیم اشرفی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سرپرست، جامعہ اشرفیہ کے شیخ الحدیث اور سابق مہتمم کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ ایک ممتاز محدث اور جید عالم دین تھے جبکہ پاکستان اور بیرونِ ملک ان کے ہزاروں شاگرد دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج نمازِ ظہر کے بعد جامعہ اشرفیہ لاہور میں ادا کی گئی، جس میں علما، مشائخ، حکومتی شخصیات، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سمیت دیگر اہم شخصیات نے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحیم اشرفی نے اپنی زندگی قرآن و سنت کی تعلیم، دینی اقدار کے فروغ اور اخلاقی تربیت کے لیے وقف کیے رکھی۔ ان کی علمی اور تعلیمی خدمات سے لاتعداد طلبہ اور علما نے استفادہ کیا، اور دینی میدان میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Leave a reply