یمن میں قرآن کے درس کے دوران معروف عالمِ دین کا انتقال

یمن کے معروف قرآن معلم اور عالمِ دین شیخ ڈاکٹر علی محمد الثنانی درسِ قرآن کے دوران اچانک وفات پا گئے۔ یہ واقعہ یمن کے صوبہ مأرب میں پیش آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق شیخ ڈاکٹر علی الثنانی ایک مسجد میں قرآن حفظ کرنے والے طلبہ کی نگرانی کر رہے تھے۔ وہ ایک طالب علم کی تلاوت غور سے سن رہے تھے اور ان کے ہاتھ میں قرآنِ مجید موجود تھا۔ اسی دوران اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی، آنکھیں بند ہوئیں اور وہ کرسی سے نیچے گر گئے۔
یہ پورا منظر وہاں موجود کیمرے میں محفوظ ہو گیا، جس کی ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔ واقعہ رمَیلہ کے علاقے میں واقع نورہ مسجد میں پیش آیا۔
شیخ ڈاکٹر علی محمد الثنانی کا شمار یمن کے ممتاز علما میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی تھی اور پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی امتیازی نمبروں کے ساتھ مکمل کی تھی۔ ان کی وفات پر علمی و دینی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔







