علیمہ خان: مذاکرات کی بات کرنے والا پی ٹی آئی اور عمران خان کے مؤقف کا نمائندہ نہیں

0
99
علیمہ خان: مذاکرات کی بات کرنے والا پی ٹی آئی اور عمران خان کے مؤقف کا نمائندہ نہیں

پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ پارٹی میں جو بھی رہنما مذاکرات کی بات کرتا ہے، وہ نہ عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑا ہے اور نہ ہی حقیقی معنوں میں پی ٹی آئی کا نمائندہ ہے۔
راولپنڈی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنا مؤقف واضح طور پر خیبر پختونخوا کی قیادت تک پہنچا چکے ہیں اور انہوں نے اسٹریٹ موومنٹ کا پیغام دے دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی دو روزہ کانفرنس کے جاری کردہ اعلامیے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے گزشتہ سال 22 نومبر کو پرامن احتجاج کی اپیل کی تھی، اور ان پر یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام عوام تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس بے بنیاد ہے۔ ان کے بقول عمران خان نے حال ہی میں ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ قوم کی خاطر کسی بھی قربانی کے لیے تیار ہیں۔
علیمہ خان نے مزید بتایا کہ عمران خان کو 11 کتابیں بھجوائی گئی تھیں، جن میں سے 9 کتابیں ان تک پہنچ چکی ہیں، جس کی تصدیق جج نے بھی کی ہے۔

Leave a reply