وزیراعظم شہباز شریف کی آج انڈر نائنٹین ٹیم سے ملاقات متوقع

0
122
وزیراعظم شہباز شریف کی آج انڈر نائنٹین ٹیم سے ملاقات متوقع

انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کامیابی کے بعد پاکستان انڈر نائنٹین کرکٹ ٹیم کے لیے انعامات کا اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ وطن واپسی پر نوجوان کھلاڑیوں کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر زبردست اور یادگار استقبال کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ جیتنے والی انڈر نائنٹین ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لیے پچاس لاکھ روپے انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دبئی میں ٹیم سے ملاقات کے دوران انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے دباؤ میں بہترین کارکردگی دکھا کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انڈر نائنٹین ٹیم کی مجموعی کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل محفوظ اور مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے فائنل میں نمایاں اننگز کھیلنے والے سمیر منہاس کو خصوصی طور پر سراہا اور ان کے لیے علیحدہ انعام کا بھی اعلان کیا۔

پی سی بی اس سے قبل بھی ایمرجنگ ایشیا کپ میں کامیابی پر کھلاڑیوں کو فی کس پچاس لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کر چکا ہے۔

ایشیا کپ جیتنے کے بعد جب پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم دبئی سے وطن پہنچی تو اسلام آباد ایئرپورٹ پر شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے قومی ہیروز کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔

پی آئی اے کی خصوصی پرواز ٹیم کو اسلام آباد لے کر پہنچی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ٹیم کے ہمراہ تھے۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے بھی ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔

استقبال کے موقع پر آتشبازی کی گئی، جبکہ کھلاڑیوں کو سخت سیکیورٹی اور وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ ڈبل ڈیکر بسوں کے ذریعے ہوٹل منتقل کیا گیا۔ قافلے میں اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران بھی شامل تھے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج انڈر نائنٹین ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے۔

Leave a reply