پاکستان میں بھارت کے حجاب تنازع پر احتجاج کی کال

0
123
پاکستان میں بھارت کے حجاب تنازع پر احتجاج کی کال

پاکستان میں مختلف مذہبی، سیاسی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارت کی ریاست بہار میں ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کے حجاب سے متعلق پیش آنے والے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان علما کونسل کے سربراہ طاہر اشرفی نے اس معاملے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جمعہ کو احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ پر سوالات اٹھ رہے ہیں، جس پر عالمی برادری کی توجہ ضروری ہے۔

لاہور میں مختلف سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے بھی اس واقعے پر اظہارِ خیال کیا۔ مسیحی مذہبی رہنما فادر جیمز چنن نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا ہو رہے ہیں اور حالیہ واقعات اقلیتوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا رہے ہیں۔

سماجی رہنما ڈاکٹر مجیب ایبل نے کہا کہ اس واقعے کے بعد بھارت کے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر تنقید میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ سکھ رہنما سردار کلیان سنگھ نے بہار کے وزیراعلیٰ کے مبینہ رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کسی بھی معاشرے میں قابل قبول نہیں۔ انہوں نے پاکستان میں اقلیتوں کی مذہبی آزادی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان نے اس واقعے کو خواتین کی ذاتی آزادی، انسانی وقار اور مذہبی حقوق پر حملہ قرار دیتے ہوئے بھارت سے فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ تنظیم نے اقوام متحدہ سے بھی بھارت سے وضاحت طلب کرنے کا کہا ہے۔

ابھی تک بھارت کی جانب سے اس واقعے پر کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا، لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے خطے میں مذہبی آزادی، اقلیتوں کے حقوق اور خواتین کے وقار کے موضوع پر بحث کو دوبارہ اہم بنا دیا ہے۔

Leave a reply