اسکول بس کھائی میں جا گری، 17 طلبا جاں بحق20 زخمی

کولمبیا کے شمالی حصے میں واقع ایک دیہی علاقے میں پیش آنے والے دلخراش ٹریفک حادثے میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی بس گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں کم از کم 17 طلبا جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 20 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق بس ہائی اسکول کے طلبا کو لے کر کیریبین علاقے کے ایک شہر سے میڈیلن کی جانب سفر کر رہی تھی کہ راستے میں پہاڑی سڑک پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ واقعے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں۔
صوبے کے گورنر اینڈرس جولین نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کی اور کہا کہ ریسکیو اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے امدادی کام مکمل کر لیا ہے۔
حادثے کے بعد قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جہاں زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ٹیموں اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے حادثے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ اس سانحے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔








