واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہونے کی صورت میں فوری اقدامات، این سی سی آئی اے کی اہم ہدایات

0
132
واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہونے کی صورت میں فوری اقدامات، این سی سی آئی اے کی اہم ہدایات

کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے عوام کو واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہونے کی صورت میں فوری حفاظتی اقدامات سے آگاہ کر دیا ہے۔

ادارے کے مطابق اگر کسی صارف کو اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی نہ مل رہی ہو یا شبہ ہو کہ کوئی اور شخص اکاؤنٹ استعمال کر رہا ہے تو گھبرانے کے بجائے فوراً چند اہم اقدامات کیے جائیں۔

این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے واٹس ایپ ایپلیکیشن کو موبائل فون سے اَن انسٹال کریں اور دوبارہ انسٹال کرنے کے بعد اپنا موبائل نمبر درج کر کے اکاؤنٹ کو دوبارہ رجسٹر کریں۔ رجسٹریشن کے دوران صارف کو ایس ایم ایس کے ذریعے 6 ہندسوں کا تصدیقی کوڈ موصول ہوگا جسے فوراً درج کرنا ضروری ہے۔

حکام کے مطابق یہ کوڈ درج کرتے ہی واٹس ایپ خودکار نظام کے تحت ہیکر کے موبائل سے اکاؤنٹ لاگ آؤٹ ہو جاتا ہے کیونکہ واٹس ایپ ایک وقت میں صرف ایک ڈیوائس پر فعال رہ سکتا ہے۔

این سی سی آئی اے نے مزید وضاحت کی کہ اگر ہیکر نے اکاؤنٹ پر ٹو اسٹیپ ویری فکیشن فعال کر دی ہو اور صارف کو PIN معلوم نہ ہو تو واٹس ایپ 7 دن انتظار کا پیغام دے سکتا ہے، تاہم اس دوران پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

ادارے کے مطابق جیسے ہی ایس ایم ایس ویری فکیشن مکمل ہو جاتی ہے، اکاؤنٹ مکمل طور پر محفوظ ہو جاتا ہے اور کوئی بھی شخص نہ تو پیغامات دیکھ سکتا ہے اور نہ ہی اکاؤنٹ استعمال کر سکتا ہے۔

حکام نے یہ بھی بتایا کہ اگر صارف نے پہلے ہی اپنا ای میل ایڈریس واٹس ایپ کے ساتھ منسلک کر رکھا ہو تو “Forgot PIN” کے آپشن کے ذریعے فوری طور پر PIN ری سیٹ کیا جا سکتا ہے، جس سے انتظار کی ضرورت بھی نہیں رہتی۔

این سی سی آئی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سائبر سیکیورٹی کے بنیادی اصولوں پر عمل کریں اور اپنے اکاؤنٹس کو محفوظ بنانے کے لیے ٹو اسٹیپ ویری فکیشن اور ای میل لنکنگ کو لازمی فعال رکھیں۔

Leave a reply