سازشی عناصر دوبارہ بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیر دفاع

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ کچھ سازشی عناصر اب بھی سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دوبارہ اقتدار میں لانیکی کوشش کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ فیض حمید پی ٹی آئی کے قیام کے منصوبے میں کلیدی کردار ادا کر رہے تھے اور ان کی نگرانی میں پارٹی کو اقتدار تک پہنچایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے چار سال کے دوران ملک کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ اقدامات کیے اور اس کے نتیجے میں پارلیمنٹ کی ساکھ متاثر ہوئی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ 9 مئی کے واقعے کے پیچھے بھی فیض حمید اور بانی پی ٹی آئی کی منصوبہ بندی تھی، اور اس دوران عوام اور اداروں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے زور دیا کہ ان افراد کا احتساب ضروری ہے تاکہ ملک کے مفاد میں انصاف یقینی بنایا جا سکے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ فیض حمید کو عدالت نے سزا دی اور ان کے خلاف مزید مقدمات بھی زیر سماعت ہیں، جبکہ نواز شریف کے دور میں انہیں اس طرح کی سہولت میسر نہیں تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوج نے ہمیشہ سویلین حکومت کی مدد کی ہے اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے ہیں۔









