بچے نے ماں کا مہنگا طلائی ہار ٹکڑے ٹکڑے کرکے دوستوں میں بانٹ دیا

0
134
بچے نے ماں کا مہنگا طلائی ہار ٹکڑے ٹکڑے کرکے دوستوں میں بانٹ دیا

مشرقی چین کے صوبہ شان ڈونگ کے شہر زاؤژوانگ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے والدین سمیت سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔ 8 سالہ بچے نے اپنی ماں کا قیمتی طلائی ہار پلاس کی مدد سے چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کیا اور پھر یہ ٹکڑے اسکول میں اپنے دوستوں کو تحفے کے طور پر دے دیے۔

خاندان کو اس کارروائی کا پتہ واقعے کے ایک ماہ بعد چلا، جب بچے کی بہن نے والدہ کو بتایا کہ کلاس کے ایک لڑکے نے اسے سونے کا ٹکڑا دکھایا ہے جو اسے اس کے بھائی نے دیا تھا۔ والدین نے گھر کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی تو اس میں واضح طور پر بچہ والدہ کی الماری سے ہار نکالتا اور اسے ٹکڑوں میں توڑتا دکھائی دیا۔

یہ ہار خاتون کو ان کی شادی کے موقع پر شوہر کی جانب سے تحفے میں ملا تھا اور اس کی مالیت تقریباً 7200 یوان (پاکستانی 2 لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد) بتائی گئی ہے۔ بدقسمتی سے بچے کو یاد نہیں تھا کہ اس نے کتنے دوستوں میں سونے کے ٹکڑے تقسیم کیے یا باقی ٹکڑے کہاں رکھے، اور والدین صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہی واپس حاصل کر سکے۔

والدین کے پوچھنے پر بچے نے بتایا کہ اسے معلوم نہیں تھا کہ سونا اتنا قیمتی ہوتا ہے، جس پر والد جذبات میں آکر ناراض بھی ہوئے۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوکر بحث کا موضوع بن گیا، جہاں صارفین نے حیرت، افسوس اور بچوں کی مالی تعلیم پر زور دیا۔

Leave a reply