پاکستان کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا واضح پیغام

0
108
پاکستان کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا واضح پیغام

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کا آئندہ ردِعمل پہلے سے زیادہ تیز اور مؤثر ہوگا۔

نئے ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے اس تبدیلی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملٹی ڈومین آپریشنز کو متحد اور جدید نظام کے تحت مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تینوں افواج اپنی خودمختاری اور تنظیم برقرار رکھتے ہوئے نئے ہیڈکوارٹر کے ذریعے زیادہ مؤثر طریقے سے مشترکہ آپریشن انجام دیں گی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے طالبان حکومت کے بارے میں واضح کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بتا دیا گیا ہے کہ وہ یا تو پاکستان کا ساتھ دیں یا پھر فتنۃ الخوارج کی حمایت کا راستہ اختیار کریں—دونوں میں سے ایک فیصلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک ہے، جس کی مضبوطی اور دفاع اُس کے جانثار جوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اسے آزمانے کی اجازت دی جائے گی۔

اس سے قبل جی ایچ کیو میں ان کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو بھی تقریب میں شریک تھے، جہاں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کو حال ہی میں چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے پر تعینات کیا گیا، اور آج تینوں مسلح افواج کی جانب سے انہیں باضابطہ طور پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

Leave a reply