
میٹا نے اعلان کیا ہے کہ فیس بک اور انسٹاگرام صارفین اب ایک ہی جگہ پر مدد اور رہنمائی حاصل کرسکیں گے۔ کمپنی کے مطابق ایک نیا مرکزی سپورٹ ہب متعارف کرایا جا رہا ہے جس کا مقصد مختلف فیچرز میں بکھری معلومات کو ایک جگہ اکٹھا کرنا ہے، تاکہ صارفین کے لیے ضروری سیٹنگز اور مدد تک رسائی آسان ہوجائے۔
اس نئے ہب کے ذریعے صارفین اپنے اکاؤنٹس سے متعلق مسائل زیادہ سہولت کے ساتھ رپورٹ کر سکیں گے، جبکہ عام سوالات کے جواب بھی تیزی سے مل سکیں گے۔ یہ فیچر دنیا بھر میں iOS اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے آہستہ آہستہ دستیاب ہونا شروع ہوگیا ہے۔
میٹا نے ایک اے آئی پر مبنی سپورٹ اسسٹنٹ لانے کا اعلان بھی کیا ہے، جس کی ابتدا فیس بک پر آزمائش سے ہوگی اور بعد میں اسے دیگر میٹا ایپس میں شامل کیا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی کمپنی اکاؤنٹ ریکوری کے عمل کو بھی بہتر بنا رہی ہے تاکہ حادثاتی طور پر لاک ہونے یا ہیک ہونے والے اکاؤنٹس کو دوبارہ حاصل کرنا پہلے سے زیادہ آسان ہو جائے۔ نئی رہنمائی ہر صارف کی صورتحال کے مطابق سادہ اور واضح انداز میں فراہم کی جائے گی۔
علاوہ ازیں، میٹا کی جانب سے ایسے حفاظتی مشورے بھی دیے جائیں گے جو صارفین کو اپنے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔









