میٹا کی نئی پرائیویسی اپڈیٹ کے بعد ’فیس بک ڈیلیٹ کریں‘ مہم میں شدت

0
97
میٹا کی نئی پرائیویسی اپڈیٹ کے بعد ’فیس بک ڈیلیٹ کریں‘ مہم میں شدت

میٹا کی جانب سے مصنوعی ذہانت سے متعلق نئی پرائیویسی اپڈیٹ کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں صارفین کی طرف سے ’فیس بک ڈیلیٹ کریں‘ کی آن لائن مہم میں شدت آگئی ہے۔

کمپنی کے مطابق نئی اپڈیٹ کے تحت پلیٹ فارم اپنے AI سسٹمز کو بہتر بنانے کے لیے صارفین کی چیٹ بوٹس کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا ڈیٹا استعمال کرے گا۔ یہ ڈیٹا صارفین کو ذاتی نوعیت کی تجاویز دینے اور سسٹم کی تربیت کے لیے استعمال ہوگا، تاہم اس کا اطلاق صارفین کی ذاتی چیٹس، دوستوں اور خاندان کے ساتھ ہونے والی گفتگو یا انکرپٹڈ پیغامات پر نہیں ہوگا۔

صارفین نے خدشات ظاہر کیے ہیں کہ نئی پالیسی ان کی نجی معلومات کے غلط استعمال کے امکانات بڑھا سکتی ہے۔ سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اس اقدام پر سخت ردعمل کا اظہار کیا اور الزام لگایا کہ کمپنی اب تصاویر، آواز، تحریریں اور اےآئی چیٹس تک رسائی حاصل کر کے انہیں تجزیے کے لیے استعمال کر سکتی ہے، جس سے آن لائن پرائیویسی کمزور ہو سکتی ہے۔

میٹا نے اس بارے میں وضاحت کی ہے کہ حساس معلومات جیسے مذہبی عقائد، صحت، جنسی رجحانات، سیاسی وابستگی یا دیگر ذاتی پس منظر کو نہ تو تجزیے کے لیے استعمال کیا جائے گا اور نہ ہی اشتہارات کی ٹارگٹنگ میں شامل کیا جائے گا۔ کمپنی نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر صارفین آواز کے ذریعے اےآئی فیچر استعمال کریں تو مائیکروفون صرف صارف کی اجازت سے فعال ہوگا اور اس دوران واضح اشارہ اسکرین پر موجود رہے گا، تاکہ صارف کو ہر وقت معلوم ہو کہ مائیکروفون فعال ہے۔

اس اپڈیٹ کے اعلان کے بعد آن لائن پرائیویسی کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر صارفین کی تنظیمیں بھی آگاہی مہمیں شروع کر رہی ہیں، جس میں صارفین کو اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس اپڈیٹ سے اےآئی ماڈلز کی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے، لیکن صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ کے لیے شفافیت اور اختیارات کی فراہمی لازمی ہے۔

Leave a reply