
پاکستان کو کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی عالمی تنظیم (OPCW) کی ایگزیکٹو کونسل میں دوبارہ رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ انتخاب دی ہیگ میں کانفرنس آف اسٹیٹس پارٹیز کے 30 ویں اجلاس کے دوران 2026 سے 2028 کے لیے کیا گیا۔
کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری، پیداوار، ذخیرہ اندوزی اور تلفی پر پابندی کے عالمی کنونشن کے 193 رکن ممالک ہیں۔ OPCW دنیا کا سب سے کامیاب تخفیفِ اسلحہ معاہدہ سمجھا جاتا ہے اور تنظیم نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے کیمیائی ہتھیاروں کی پوری کلاس کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایگزیکٹو کونسل کنونشن کے مؤثر نفاذ اور اس کی پاسداری کی نگرانی کے ذمہ دار ہے، اور رکن ممالک کو سائنسی و معاشی ترقی کے لیے معاونت بھی فراہم کرتی ہے۔ پاکستان 1997 میں OPCW کی توثیق کے بعد سے ایگزیکٹو کونسل میں خدمات انجام دے رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کنونشن کے مقاصد کے حصول میں تعمیری کردار ادا کیا اور اپنی متعلقہ تنصیبات پر OPCW کے معمول کے معائنے باقاعدگی سے کرواتا رہا ہے۔









