
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کی سڑکوں کی بحالی اور تعمیرِ نو کے لیے 25 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد اجلاس میں کراچی کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں وزیرِ بلدیات سید ناصر شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ اور دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت شہر کی 315 اندرونی گلیوں اور سڑکوں کے ساتھ 60 اہم شاہراؤں کی ازسرِنو تعمیر کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو ٹریفک مسائل اور خستہ حال سڑکوں سے نجات دلانے کے لیے کام کو فوری طور پر تیز رفتاری سے شروع کیا جائے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ منصوبوں کی تکمیل میں فنڈز رکاوٹ نہیں بنیں گے اور کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سیف سٹی منصوبے کے تحت شہر میں ٹریفک حادثات میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔









