
الیکشن کمیشن نے این اے 96 فیصل آباد میں ن لیگ کے امیدوار بلال چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکا ہے۔
یہ فیصلہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کے دوران کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے بتایا کہ طلال چوہدری ایک ایسے امیدوار کے جلسے میں شریک ہوئے جو بعد میں کامیاب قرار پایا۔
طلال چوہدری کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نوٹس ابھی موصول ہوا ہے اور انہیں پہلے وکالت نامہ جمع کرانے کی اجازت دی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آج طلال چوہدری کو حاضری سے استثنیٰ دیا جاتا ہے، لیکن اگلی سماعت میں خود پیش ہونا لازمی ہوگا۔
فیصلے کے مطابق، ابھی تک طلال چوہدری کو نااہل نہیں کیا گیا، تاہم اگلی سماعت تک کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی مزید سماعت 2 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔









