فواد اور ماہرہ کی تیسری مشترکہ پروڈکشن ’نیلوفر‘ جلد سکرین پر

0
140
فواد اور ماہرہ کی تیسری مشترکہ پروڈکشن ’نیلوفر‘ جلد سکرین پر

کراچی: آنے والی رومانوی فلم ’نیلوفر‘ کی کاسٹ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران فلم کے حوالے سے اپنی امیدیں، جذبات اور دلچسپی کا اظہار کیا۔

فواد خان اور ماہرہ خان کے ساتھ بہروز سبزواری، سرمد گیلانی، مدیحہ امام اور عتیقہ اوڈھو نے بھی کہا کہ فلم کی کہانی شائقین کے دل تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ماہرہ خان نے کہا کہ ’’کچھ پروجیکٹس ایسے ہوتے ہیں جن کا حصہ بن کر بھی خوشی محسوس ہوتی ہے۔‘‘ فواد خان نے بھی اپنی رائے دی کہ ’’فلم کے دوران میں نے بہت کچھ سیکھا، کچھ غلطیاں بھی ہوئیں، لیکن امید ہے کہ شائقین کو یہ پسند آئے گی۔‘‘

فلم ’نیلوفر‘ کے ہدایت کار اور مصنف عمار رسول ہیں، جبکہ مرکزی کرداروں میں فواد، ماہرہ اور مدیحہ شامل ہیں۔ کاسٹ کے کئی افراد پہلے بھی مقبول ڈرامہ سیریل ’ہمسفر‘ میں کام کر چکے ہیں۔ یہ فلم فواد خان کی پروڈکشن ہے اور ماہرہ کے ساتھ ان کی تیسری مشترکہ پروڈکشن ہے، جس سے قبل وہ ’ہمسفر‘ اور ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں کام کر چکے ہیں۔

فلم کی تاخیر کے حوالے سے فواد خان نے بتایا کہ کووِڈ کی وجہ سے شوٹنگ رکنا ضروری تھا۔ ’’یہ کوئی غلطی نہیں تھی بلکہ ایک مجبور فیصلہ تھا۔‘‘

ایک سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے کہا کہ فلم کے کسی سین کے آئیکونک ہونے کی پیش گوئی مشکل ہے۔ ’’اگر ایسا ممکن ہوتا تو ہم پہلے ہی اسے ریکارڈ کر لیتے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگر فلم کامیاب ہوئی اور ٹرینڈ بنی تو خوشی ہوگی۔

کراچی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ماہرہ نے کہا کہ وہیں پیدا ہوئیں اور پلی بڑھی ہیں اور شہر کو بہت پسند کرتی ہیں۔ ’’کراچی ایک ماں کی طرح ہے جو لوگوں کو خوش آمدید کہتی ہے، کبھی سخت رویہ بھی دکھاتی ہے، لیکن یہی اس کی اصل فطرت ہے۔‘‘

Leave a reply