
اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ زیادہ آبادی ترقی کے لیے مسائل پیدا کرتی ہے، اس لیے معیشت کی مستحکم ترقی کے لیے آبادی کا مناسب انتظام ناگزیر ہے۔
پاپولیشن کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بڑھتی آبادی کے باعث وسائل پر دباؤ بڑھتا ہے اور غربت میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ متوازن آبادی پائیدار معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی بھی اہم چیلنج ہے اور حکومت کی توجہ ماحول دوست معیشت کی طرف ہے۔ انہوں نے کچی آبادیاں بھی مسائل کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے درست اعداد و شمار موجود نہیں ہیں، جس سے ترقی کی رفتار متاثر ہوتی ہے۔
وزیر خزانہ نے اختتام میں کہا کہ آبادی پر قابو پانے کے اقدامات سے نہ صرف معیشت مضبوط ہوگی بلکہ غربت کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔









