مغربی کنارے میں یہودیوں کامسجد پر حملہ، آگ زنی اور توڑ پھوڑ

اسرائیلی فورسز اور یہودی آبادکاروں کی کارروائیاں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں مسلسل جاری ہیں۔ تازہ واقعے میں مغربی کنارے کے شمالی علاقے کے گاؤں دیر استیا میں آبادکاروں نے ایک مسجد پر حملہ کیا، اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی اور مختلف حصوں کو آگ لگا دی۔ مسجد کی دیواروں پر اشتعال انگیز اور نسل پرستانہ تحریریں بھی لکھی گئیں۔
علاقے میں اسرائیلی فوج نے الگ کارروائیاں کرتے ہوئے 15 فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔
غزہ میں بھی عسکری کارروائیاں نہیں رکیں اور اسرائیلی فورسز نے آج مختلف مقامات پر فضائی و زمینی حملے کیے، جن میں خان یونس کے رہائشی علاقے خاص طور پر متاثر ہوئے۔
سعودی عرب نے ان حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبادت گاہوں پر حملے امن اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ فلسطینی حکام نے مسجد پر حملے کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔









