پاکستان سے جھٹکا ملنے کے بعد بھارت کی اسرائیلی میزائلوں میں دلچسپی بڑھ گئی

0
71
پاکستان سے جھٹکا ملنے کے بعد بھارت کی اسرائیلی میزائلوں میں دلچسپی بڑھ گئی

پاکستان کے ہاتھوں عسکری سطح پر پسپائی کے بعد بھارت نے اپنی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کرنے کے لیے اسرائیلی میزائل ٹیکنالوجی میں گہری دلچسپی دکھانا شروع کر دی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی وزارتِ دفاع کے ڈائریکٹر جنرل، جنرل (ر) امیر بارام اور بھارتی وزارتِ دفاع کے سیکریٹری راجیش کمار سنگھ کے درمیان حال ہی میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس معاہدے کے بعد بھارت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد اسرائیل پہنچا، جہاں مختلف دفاعی منصوبوں پر پیش رفت ہوئی۔ دورے کے دوران ایسے معاہدوں کو حتمی شکل دینے پر بات ہوئی جن کے تحت بھارت اسرائیل ایروسپیس انڈسٹریز کے Air LORA بیلسٹک میزائل اور رافیل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹمز کے Ice Breaker کروز میزائل نہ صرف خرید سکے گا بلکہ ان کی مقامی پیداوار بھی ممکن ہو سکے گی۔

Air LORA میزائل کی رینج تقریباً 400 کلومیٹر بتائی جاتی ہے، یہ 1600 کلوگرام وزن کے ساتھ سپرسونک رفتار میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے دشمن کے فوجی اڈوں، میزائل لانچ سائٹس اور ایئر ڈیفنس سسٹمز کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔

عالمی تحقیقاتی ادارے SIPRI کے اعداد و شمار کے مطابق، بھارت اسرائیلی اسلحہ برآمدات کا سب سے بڑا خریدار ہے اور 2020 سے 2024 تک اسرائیل کی مجموعی دفاعی فروخت کا تقریباً ایک تہائی حصہ بھارت کو فراہم کیا گیا۔

Leave a reply