
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان کے دوبارہ اقتدار میں آنے پر 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کو منسوخ کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ اسمبلی کے پاس قانون سازی کا حق نہیں ہے اور ترامیم منظور کرنے کا موجودہ طریقہ کار بھی درست نہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا آئین میں ترمیم ایسے کی جاتی ہے کہ پہلے ایک بات منظور کی جائے اور پھر فوراً اس کی نوعیت بدل دی جائے؟ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف “ووٹ کو عزت دو” کا نعرہ لگاتے ہیں لیکن پارلیمانی کارروائی میں شرکت نہیں کرتے، مگر کل کے اجلاس میں اچانک شریک ہو گئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے مستعفی ہونے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وکلا اور مزدور تنظیموں کو ان کے مؤقف کی حمایت کرنی چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کا ایک اہم اجلاس بھی جلد منعقد ہوگا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر فیصلہ کیا جائے گا۔






