کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز کی بڑی کارروائی: 79 کلو سے زائد چاندی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

0
109
کراچی ایئرپورٹ پر کسٹمز کی بڑی کارروائی: 79 کلو سے زائد چاندی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستان کسٹمز کے عملے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چاندی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

کسٹمز حکام کے مطابق کارروائی ایئر فریٹ یونٹ میں خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ ہانگ کانگ سے موصول ہونے والے تین پارسلز کو فیشن جیولری کے نام پر درآمد کیا جا رہا تھا۔ جب ان پارسلز کو اسکین کیا گیا تو مشکوک نشانات ظاہر ہونے پر انہیں کھول کر چیک کیا گیا۔

تلاشی کے دوران پارسلز سے 79.18 کلوگرام خالص چاندی برآمد ہوئی جسے انتہائی مہارت سے زیورات کے ڈبوں میں چھپایا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ضبط شدہ چاندی کی مالیت تقریباً 6 کروڑ 69 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔

ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ پارسلز ہانگ کانگ سے راولپنڈی بھیجے جا رہے تھے اور دستاویزات میں انہیں ’’فیشن جیولری‘‘ ظاہر کیا گیا تھا تاکہ کسٹمز کلیئرنس سے بچا جا سکے۔

کسٹمز حکام نے بتایا کہ اسمگلنگ نیٹ ورک کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں اور اس واقعے سے منسلک افراد کی نشاندہی کے لیے مختلف اداروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کسٹمز غیر قانونی تجارت اور قیمتی دھاتوں کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے نگرانی مزید سخت کر رہا ہے تاکہ ملکی معیشت کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

Leave a reply