گوگل میپس میں نیا پاور سیونگ موڈ متعارف کرانے کی تیاری

0
110
گوگل میپس میں نیا پاور سیونگ موڈ متعارف کرانے کی تیاری

گوگل اپنی نیوی گیشن سروس گوگل میپس میں ایک نیا فیچر شامل کرنے جا رہا ہے جو اب تک اس ایپ کا حصہ نہیں تھا۔ رپورٹس کے مطابق، کمپنی اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پاور سیونگ موڈ پر کام کر رہی ہے جو بیٹری کے استعمال کو کم کرنے میں مدد دے گا۔

یہ فیچر فون کے عام پاور سیونگ آپشن سے الگ انداز میں کام کرے گا اور ابتدائی طور پر اسے گوگل میپس کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جب یہ موڈ فعال کیا جائے گا تو ایپ کا انٹرفیس سادہ مونوکروم (سیاہ و سفید) انداز میں تبدیل ہو جائے گا، جس سے اسکرین پر رنگ کم نظر آئیں گے اور بیٹری کا استعمال کم ہوگا۔

پاور سیونگ موڈ میں صارف کو صرف بنیادی معلومات جیسے سمت، فاصلہ اور اندازاً پہنچنے کا وقت دکھائی دے گا، جب کہ نقشے پر جگہوں کے نام نظر نہیں آئیں گے۔ اس کے باوجود، رپورٹ کے مطابق اس فیچر میں آڈیو سپورٹ شامل ہوگی تاکہ نیویگیشن کے دوران صارف کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

یہ فیچر فی الحال تیاری کے مرحلے میں ہے، اس لیے اس میں تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، یہ آپشن ڈرائیونگ، واکنگ اور موٹر سائیکل نیویگیشن میں دستیاب ہوگا، تاہم پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے سپورٹ کے حوالے سے ابھی وضاحت نہیں کی گئی۔

گوگل کی جانب سے اس فیچر کے اجرا کی تاریخ کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

Leave a reply