چائے فروش کے گھر سے کروڑوں کی نقدی، سونا، چاندی اور قیمتی سامان برآمد

0
113
چائے فروش کے گھر سے کروڑوں کی نقدی، سونا، چاندی اور قیمتی سامان برآمد

بھارت کی ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج میں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ایک گھر سے بھاری مقدار میں نقدی، قیمتی دھاتیں اور دیگر اشیاء برآمد کی ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایک بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورک کے خلاف کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق، چھاپے کے دوران ایک سابق چائے فروش کے مکان سے تقریباً ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے نقد، 344 گرام سونا، ڈیڑھ کلو چاندی، 85 اے ٹی ایم کارڈز، 75 چیک بکس، دو لیپ ٹاپ، تین موبائل فونز اور ایک لگژری گاڑی ضبط کی گئی ہے۔

اس کارروائی میں دو افراد، ابھشیک کمار اور اس کے بھائی ادتیہ کمار کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ابھشیک ماضی میں چائے کا ٹھیلا لگاتا تھا لیکن وقت کے ساتھ وہ ایک بڑے سائبر فراڈ نیٹ ورک سے وابستہ ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق وہ دبئی منتقل ہوچکا تھا جہاں سے وہ نیٹ ورک کی نگرانی کر رہا تھا، جبکہ اس کا بھائی بھارت میں مالی امور سنبھالتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کے روابط بھارت کی مختلف ریاستوں تک پھیلے ہوئے ہیں، اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور اینٹی ٹیرر اسکواڈ کو بھی شامل کر لیا گیا ہے تاکہ مالیاتی سرگرمیوں اور بین الاقوامی روابط کا سراغ لگایا جا سکے۔

Leave a reply