وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن اجلاس میں شرکت کے لیے مصر روانہ

وزیراعظم شہباز شریف ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ مصر کے شہر شرم الشیخ روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ غزہ کی صورتحال پر منعقدہ اہم بین الاقوامی امن اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس میں غزہ میں جاری انسانی بحران کے خاتمے، ممکنہ جنگ بندی اور امن معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
وفد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ بھی شامل ہیں۔ اجلاس کی میزبانی مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت دونوں عالمی رہنماؤں کی جانب سے دی گئی تھی۔
اس بین الاقوامی اجلاس میں دنیا بھر سے بیس سے زائد ممالک کے رہنما شریک ہوں گے۔ تاہم اسرائیل کا کوئی نمائندہ اجلاس میں موجود نہیں ہوگا۔
ایران کی عدم شرکت
دوسری جانب ایران نے اس اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق ایران ان ممالک کے ساتھ مذاکرات نہیں کر سکتا جو اس کے خلاف اقدامات اور دھمکیوں میں ملوث ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مصری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ مذاکرات صرف مساوی احترام اور دباؤ سے پاک ماحول میں ممکن ہیں۔ انہوں نے ”ابراہام معاہدے“ کو دھوکہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اس کا حصہ نہیں بنے گا۔









