جاسوسی کے الزام میں “وسیم اکرم” گرفتار، بھارتی میڈیا نے کرکٹر کی تصویر چلا دی

0
53

بھارت کی ریاست ہریانہ میں حالیہ دنوں ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا گیا جس پر مبینہ طور پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ گرفتار ہونے والے شخص کا نام “وسیم اکرم” ہونے کی وجہ سے چند بھارتی میڈیا اداروں نے پاکستان کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کی تصاویر نشر کر دیں، جس پر سابق کپتان نے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل دیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار شخص ایک یوٹیوبر ہے، جو گزشتہ تین سال سے مبینہ طور پر پاکستانی ایجنٹس سے رابطے میں تھا اور انہیں سم کارڈز کی فراہمی میں معاونت کرتا رہا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس پر پاکستان کے ہائی کمیشن سے تعلقات رکھنے کا بھی شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا اور کچھ ٹی وی چینلز پر سابق کرکٹر وسیم اکرم کی تصاویر استعمال کی گئیں، جس پر وسیم اکرم نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ “کسی کو یہ زحمت بھی نہیں ہوئی کہ تصدیق کرلے کہ خبر کا تعلق کس سے ہے، میرے نام کے ایک اور شخص کی گرفتاری کو لے کر میری تصاویر نشر کرنا غیر ذمہ دارانہ صحافت کی بدترین مثال ہے۔”

59 سالہ سابق کرکٹر نے ایک ویڈیو بیان میں مزید کہا، “یہ سوشل میڈیا کا دور ہے، ہر چیز بغیر تحقیق کے وائرل ہو جاتی ہے، میری گزارش ہے کہ ایسی حرکات سے گریز کیا جائے اور خبر نشر کرنے سے قبل مکمل تحقیق کی جائے۔”

انہوں نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی شیئر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ غلط معلومات کا شکار نہ ہوں۔

اس واقعے کے بعد ایک بار پھر بھارتی میڈیا کی صحافتی پالیسیوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جہاں اس سے قبل بھی پاکستانی جھنڈے والے غبارے، پرندے اور کھلونوں کو بھی “جاسوس” قرار دینے کے متعدد واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔

Leave a reply